محمد تسکین
بانہال // سب ڈویژن رامسو میں اکڑال۔ سینا بتی رابطہ سڑک پر ایک آٹو لوڈ کئیریر کے حادثے میں ڈرائیور کی موت موقعہ پر ہی واقع ہوگئی ۔پولیس نے مہلوک کی شناخت محمد یوسف لوہار ولد محمد عبداالاحد لوہار ساکنہ براڈ گڑی تحصیل اُکڑال پوگل پرستان کے طور کی ۔پولیس نے بتایا کہ اس آٹو لوڈ کئیریر کا حادثہ بنجونی اکڑال کے قریب پیش آیا اور یہ آٹو سڑک سے لڑھک کر نیچے کھیتوں میں جا گرا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی لوگوں نے بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا تھا لیکن آٹو ڈرائیور محمد یوسف لوہار موقع پر ہی لقمہ اجل بن چکا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں پولیس نے لاش کو پرائمری ہیلتھ سینٹر اُکڑال پہنچایا جہاں ضروری قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد میت کو ورثا کے سپرد کیا گیا۔ براڈ گڑی کے ایک سماجی کارکن فاروق احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ دردہی ، کھوڑا ، اہمہ ، براڑ گڑی اور کھلن مرگ کا علاقے ابھی تک سڑک رابطے سے جڑےنہیں ہیں اور سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے مہلوک کی لاش کو شاہراہ پر واقع مکرکوٹ سے چارپائی پر پیدل اٹھا کر لانے میں لوگوں کو ساڑھے تین گھنٹوں کا وقت لگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی شام دیر آٹھ بجے بھی براڑ گڑی کے لوگ میت کے پہنچنے کا انتظار کر رہے تھے تاکہ مہلوک کی تجہیز وتکفین میں شامل ہو سکیں ۔ انہوں نے حکام سے اہمہ ، دردہی ، کھلن مرگ اور براڑ گڑی کی وسیع آبادی کو فوری طور پر سڑک رابطے سے جوڑنے کی اپیل کی۔