اُوڑی//شمالی کشمیر میں بارہمولہ ضلع کے اُوڑی میں کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان نی افواج کے درمیان جمعہ کو شدید گولہ باری کے نتیجے میں تین عام شہری اور دو فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔اس واقعہ میں ایک عام شہری کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اُوڑی کے حاجی پیر اور کمل کوٹ سیکٹروں میں کراس ایل او سی شیلنگ کا سلسلہ آج صبح سے جاری ہے۔
حکام کے مطابق گولہ باری کا آغاز پاکستان نے کیا جس کا بھارتی افواج نے ”بھر پور“ جواب دیا۔
بھارت اور پاکستان کی اس آر پار گولہ باری کے نتیجے میں چار شہری زخمی ہوگئے جن میں سے بعد میں تین زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔ایک شہری کو انتہائی نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔دو فوجی اہلکار بھی پاکستانی شیلنگ سے ہلاک ہوگئے۔ایس ایچ او اُوڑی محمد اشرف نے مذکورہ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شیلنگ کی وجہ سے ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کشمیر کے اُوڑی، کرناہ اور کیرن سیکٹروں میں آج صبح سے ہی بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔