سرینگر//شمالی ضلع بارہمولہ کے اُوڑی علاقے میں کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان جمعہ کو شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔
آر پار گولہ باری کا یہ واقعہ اُوڑی کے حاجی پیر اور کمل کوٹ سیکٹروں میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں طرف کی افواج نے ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تاہم حکام نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا آغاز پاکستانی افواج نے کیا۔
حکام نے کہا کہ پاکستانی فائرنگ کا”بھرپور اور موثر جواب“ دیا جارہا ہے۔
ابھی تک اگر چہ کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے تاہم کنٹرول لائن کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہوا ہے۔
آخری اطلاعات تک آر پار فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کرناہ سیکٹر میں بھی کنٹرول لائن پر آر پار فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔