اوڑی/شمالی کشمیر میں بارہمولہ ضلع کے قصبہ اوڑی میں جنوبی ایشیا کے سب سے قدیم 9 میگاواٹ بجلی پروجیکٹ ، مہورہ پاور پروجیکٹ میں لکڑی سے بنی نہر کو اتوار کی شام اچانک آگ لگ گئی۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نہر میں پانی نہیں تھا اور اس سے لکڑی سے بنی نہر کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکار آگ پر قابو پانے کیلئے پہنچ گئے۔ یہ واقعہ تحصیل بونیار کے رام پور گاوں میں جنگلی علاقہ کمپارٹمنٹ زیر نمبر 60 میں پیش آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں سے مسلسل بارشوں کی وجہ سے چونکہ لکڑی گیلی تھی اور اس کے علاوہ اگر فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ وقت پر نہ پہنچتا تو وہاں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا تھا۔
ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ ابھی لکڑی کی نہر میں آگ نمودار ہونے کی وجہ کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم اس حوالے سے پولیس تھانہ بونیار میں کیس درج کیا گیا ہے اور مزید کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔
یہ بات قبل ذکر ہے کہ سو سالہ قدیم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ مہورہ اوڑی پچھلے 28 سال سے بیکار پڑا ہے ۔