نئی دہلی //پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو ایک مرتبہ پھر بھارت کا حصہ قرار دیتے ہوئے امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت ہنس راج گنگا رام اہیر نے کہا ہے کہ اگر بھارت اُس پار کشمیر کو اسلا م آباد سے واپس حاصل کرنا چاہے گا تو دنیا کی کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔گنگا رام اہیر نے کہا’’یہ انتہائی مایوس کن ہے، انہوں (ڈاکٹر فاروق)نے جو زبان استعمال کی ہے، وہ بھی غلط ہے‘‘۔نئی دلی میں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران مرکزی وزیر مملکت نے کہا’’میں یہ کہتا ہوں کہ پاکستانی کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور سابق سرکاروں کی غلطیوں کی وجہ سے پاکستان کے پاس ہے‘‘۔ اہیر کا مزید کہنا تھا’’اگر ہم پاکستانی کشمیرپاکستان سے واپس لینے کی کوشش کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ایسا کرنے سے نہیں روک سکتی کیونکہ یہ ہمارا حق ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کا یہ حصہ واپس حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔