حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ویجلنس بیداری مہم کے تحت کے سبھاش، ڈپٹی ڈائرکٹر ویجلنس ، ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ، نئی دہلی (جنوبی ہند)، کا لکچر بعنوان ''انسداد بدعنوانی'' لائبریری آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اس مہم کا اہتمام این ایس ایس یونٹ ، مانو کی جانب سے کیا جارہا ہے ۔ یونیورسٹی میں سنٹرل ویجلنس کمیشن کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق 29؍ اکتوبر تا 3؍ نومبر ویجلنس بیداری ہفتہ منایا جارہا ہے ۔ اس بار ''آزاد ہندوستان کی تعمیر کے لیے کرپشن کا خاتمہ'' کا موضوع دیا گیا ہے ۔ جناب سبھاش نے اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بدعنوانی کے خاتمے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بدعنوانی کا مطلب صرف رشوت خوری نہیں بلکہ ہر وہ مفوضہ کام جسے دانستہ مقررہ وقت پر نہ کیا جائے وہ بدعنوانی ہے ۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار نے خیر مقدم کرتے ہوئے ویجلنس بیداری ہفتہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے جرأت مندانہ قدم اٹھائیں۔ چاہے اس میں کوئی جوکھم کیوں نہ ہو۔ پروفیسر پی فضل الرحمن، ویجلنس آفیسر، مانو نے صدارت کی۔ اس موقع پر این ایس ایس کو آرڈینیٹر ڈاکٹر محمد فریاد اور این ایس ایس عہدیدار ڈاکٹر افروز عالم اور جناب بھکشاپتی بھی موجود تھے ۔ تقریب کا اختتام انسدادِ بدعنوانی حلف کے ساتھ ہوا۔ یو این آئی