جموں//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآبادمیں ایم۔اے اسلامک اسٹڈیز میں داخلے جاری ہیں۔ یہ کورس دو سالہ ہے جو ریگولر تعلیم کے تحت حیدر آباد کیمپس میں ہی دی جارہی ہے ۔ اس کور س میں طلبہ کو ا سلامیات کے ساتھ انگریزی زبان اور کمپیوٹر کی بھی تعلیم دی جاتی ہے ۔ نیز انھیں نئے CBCS تعلیمی نظام کے تحت اپنی پسند کے اعتبار سے سیاسیات، سماجیات اور معاشیات کے بشمول یونیورسٹی میں دستیاب کسی دوسرے مضمون کی بھی تعلیم دی جاتی ہے ۔ اسلامیات کے نصاب میں علوم اسلامیہ اور تصوف کے تقابلی مطالعہ کے علاوہ اسلام کی طویل تہذیبی وتمدنی تاریخ، ہندوستان میں اسلام اور مسلمانوں کے ہمہ جہتی مطالعہ ، عالم اسلام کی معروف اسلامی تحریکات،مشہور مفکرین و مصلحین کی خدمات، اسلامی علوم کے میدانوں میں مستشرقین اور دیگر غیر مسلموں کی خدمات کے مطالعہ اور تنقیدی جائزہ،نیز سائنس و ٹکنالوجی کے میدانوں میں مسلم علماء اور سائنس دانوں کے علمی کارناموں کا تحقیقی اور تجزیاتی مطالعہ شامل ہے۔ اس کورس کی تکمیل کے ساتھ ہی حکومت ہند کے منعقد کردہ UGC NETکے مسابقہ جاتی امتحان میں شامل ہوکر تقرری کی اہلیت یا JRFکوا لی فا ئی کرکے ماہانہ فیلو شپ کا استحقاق بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس کورس میں داخلہ کی اہلیت 40فیصد نمبرات کے ساتھ کسی بھی یونیورسٹی سے گریجویشن یا ان مدارس کی اسناد ہیں جو مانو میں داخلہ کے لئے مماثل تسلیم کی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مانو نے شہر حیدر آباد و اطراف کے 24مدارس کو جن میں اکثریت طالبات کے مدارس کی ہے‘ مختلف کورسز میں داخلہ کے لئے تسلیم کیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے 50سے زائد مد ارس کی اسناد ایم اے کے مختلف کورسز میں داخلہ کے لئے تسلیم کی گئی ہیں، جس کی تفصیل مانو کے ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہے۔داخلہ کے لئے عمر کی حد مردوں کے لئے 35سال اور خواتین کے لئے 40 سال ہے۔ ایم۔اے اسلامک اسٹڈیز کے بعد ایم فل اور پی۔ایچ۔ڈی میں ریسرچ کے مواقع بھی یہاں دستیاب ہیں۔ یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات کے لئے ہاسٹل کی سہولت بھی مہیا ہے۔ 200ایکڑ کے خوبصورت احاطہ میں واقع اس یونیورسٹی کے اندروسیع لائبریری، متنوع علمی و ثقافتی پروگرامس، ورزش اور کھیل کود کی معیاری سہولیات کے علاہ مستقبل کی فکری تربیت اور سول سسروسز جیسے مسابقہ جاتی امتحانات کی تیاری کے بھی بہترین مواقع دستیاب ہیں۔داخلہ کی آخری تاریخ 9؍جولائی ہے ۔ داخلہ صرف آن لائن ہے جس کے لئے مانو کی ویب سائٹ www.manuu.ac.inپررہنمائی دستیاب ہے۔ مزید معلومات کے لئے ڈاکٹر محمد فہیم اختر 9885775629اور ڈاکٹر محمد عرفان احمد9010849380پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔