حیدرآباد//ایم سی اے کے طالب علم محمد فیضان کوانتخابات میں مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی طلبہ یونین کے 7 ویں صدر کے طور پر منتخب کیا گیا۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان شام 7 بجے چیف ریٹرننگ آفیسر پروفیسرسید نجم الحسن نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات پر امن رہے اور طلبہ میں اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کا جوش و خروش دیکھا گیا۔جملہ تعداد 1,837 میں سے 1,359 طلبہ نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جن کا فیصد 74 تھا۔ پروفیسر سید نجم الحسن کی اطلاع کے بموجب محمد فیضان کے علاوہ مستفیض شارق، متعلم ایم ٹیک(کمپیوٹر سائنس)، نائب صدر؛ محمد سعود ، متعلم ایم بی اے ، معتمد؛ مبشر الاسلام، متعلم بی ایڈ، شریک معتمداور رضیہ پروین، متعلم بی ایڈ، خازن منتخب ہوئے ۔ طلبہ یونین کے مختلف عہدوں کے لیے یونیورسٹی ہیڈکوارٹر، حیدرآباد اور ملک کے مختلف حصوں میں واقع یونیورسٹی کے مراکز میں رائے دہی ہوئی۔