جموں//جموں کشمیرپبلک سروس کمیشن کی طرف سے منعقدکئے گئے تحریری وزبانی امتحان کے بعد اُردومضمون کے پلس ٹولیکچراروں کی سلیکشن لسٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق اوپن میرٹ زمرے میں 34،آربی اے زمرے میں 11 ،شیڈولڈکاسٹ زمرے میں 5، شیڈولڈ ٹرائب زمرے میں 6 ،اے ایل سی اور ایس ایل سی زمرے میں بالترتیب ایک ایک امیدوار منتخب کیاگیاہے۔ اس طرح کل 58 امیدوارمنتخب کئے گئے ہیں۔جموں صوبہ کے محمدآصف ملک ساکن درہال ملکاں راجوری نے اوپن میرٹ میں دوسرامقام، آربی اے زمرے میں محمداشرف ساکن کاستی گڑھ ضلع ڈوڈہ نے اول مقام، ایس سی زمرے میں چلی بھدرواہ کے سنجے کمارنے پہلا، بنی کے وکرم مدھیال نے دوسرامقام، ایس ٹی زمرے میں صائمہ منظور نے اول، چوہدری نصیب علی نے دوسرامقام ،اے ایل سی زمرے میں مینڈھرکے نظارت حسین منتخب ہونے والے واحدامیدوارہیں ۔پلس ٹولیکچرارکیلئے منتخب امیدواروں میں مجموعی طورپر صوبہ جموں کے امیدواروں کی تعدادحوصلہ افزاہے۔ اوپن میرٹ زمرے میں منتخب امیدوار آصف ملک علیمی کاتعلق راجوری کے علاقہ درہال سے ہے اوردوردرازپسماندہ علاقے سے اٹھ کر مذکورہ نوجوان نے پہلے اعلیٰ دینی مدارس میں تعلیم حاصل کی اوربعدازاں جموں یونیورسٹی سے اُردوکے مضمون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ایس ٹی زمرے میں دوسرے مقام پرفائزچوہدری نصیب علی کا تعلق آرایس پورہ جموں کے دودھی گوجرکنبے سے ہے اوروہ گوجرہوسٹل جموں کے پراڈکٹ ہیں۔ قابل ذکربات یہ ہے کہ دودھی گوجروں کی پانچ لاکھ آبادی میں سے یہ پہلانوجوان ہے جس نے ایم فلِ،پی ایچ ڈی ، نیٹ ۔جے آرایف جیسی ڈگریاں واسنادحاصل کی ہیں ۔ چوہدری نصیب علی نے اپنی کامیابی کاسہرااپنے والدین اوراساتذہ کے سرباندھاہے۔ اس کے علاوہ نصیب علی طلباء کے کاذکیلئے بھی مختلف محاذ بالخصوص جموں یونیورسٹی میں آوازبلندکرتے رہے ہیں۔ صائمہ منظورکاتعلق راجوری ضلع سے ہے اوروہ ایک غریب پریوارسے تعلق رکھتی ہیں اورجموں یونیورسٹی کے شعبہ اُردومیں پی ایچ ڈی کی طالبہ ہیں۔ اُردومضمون میں دوردرازعلاقہ جات کے ان نوجوانوں کامنتخب ہوناجنہوں نے کافی تگ ودواور جدوجہدسے تعلیم حاصل کی ان کے متعلقہ علاقوں کے نوجوانوں کیلئے خوش آئند بات ہے اورانہیں ان کی اس کامیابی سے تحریک ملے گی۔شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے صدرپروفیسرشہاب عنایت ملک نے شعبہ کے منتخب امیدواروں کومبارکبادپیش کرتے ہوئے ان کے شاندارمستقبل کی تمناکااظہارکیاہے۔