راجوری // خوراک، شہری رسدات ، امور صارفین اور امور قبائل کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ دیگر ریاستوں کے مقابلے ریاست جموں وکشمیر کوپردھان منتری اجول یوجنا کی بہتر طریقے پر عمل آوری پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ4.90 لاکھ کُل درخواست دہندگان میں سے حکومت نے ریاست میں3.70 لاکھ ایل پی جی گیس کنکشن مفت بی پی ایل کنبوں میں تقسیم کئے۔وزیر موصوف کوٹرانکہ میں انڈین گیس ایجنسی بُدھل کی طرف سے منعقدہ مفت گیس کنکشن فراہم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر لگ بھگ510 گیس کنکشن تقسیم کئے گئے۔وزیر نے ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو خواتین چولہے کے دھوئیں کے شکار ہوتی ہیں وہ ایک گھنٹے میں400 سگریٹ جلانے کے برابر مانا جاتا ہے اور ملک میں ہر سال5 لاکھ بچوں اور خواتین کی موت اس مضر اثرات سے رونما ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کی عمل آوری سے نہ صرف کئی قیمتی جانیں تلف ہونے سے بچائی جاسکتی ہیں بلکہ لکڑی جلانے کی تکلیف سے بھی خواتین محفوظ رہیں گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری،اے ڈی ڈی سی اے ایس چِب، ایس ایس پی یوگل منہاس اور دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔