لکھنو// این آئی اے نے 7کشمیری طلاب کواُترپردیش کے ایک دینی مدرسہ سے گرفتارکرلیا ہے ۔یہ طالب علم اُترپردیش کے باندا ضلع کے ہتھورا گائوں میں قائم دینی مدرسہ’ جامعہ عربیہ مدرسہ‘ میں زیرتعلیم ہیں۔ مارچ 2018میں این آئی اے کی ٹیم نے ان طلباء اور مدرسے کے منتظم سے پوچھ گچھ کی تھی۔بتایاجاتاہے کہ کشمیرمیں سرگرم جنگجوئوں سے رابطہ ہونے کے شبہ میں ان طالب علموں کو گرفتار کیا گیا۔ مذکورہ دینی مدرسے کچھ منتظمین کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیا ہے کہ جمعرات کو این آئی اے کے2 افسران دوپہر تقریبا2بجے مدرسہ کے احاطے میں داخل ہوئے اور یہاں عربی کی تعلیم حاصل کر رہے7کشمیری طالب علموں سے بند کمرے میں دیر تک پوچھ گچھ کی۔بتایا جاتاہے کہ3 ماہ قبل اسی مدرسے سے عربی زبان کی تعلیم حاصل کر چکے کشمیری نوجوان توصیف کے بارے میں ٹیم نے معلومات لیں۔ این آئی اے نے ساتوں کشمیری طالب علموں کو گرفتار کیا تاہم ابھی قومی جانچ ایجنسی کی جانب سے اسکی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ چند دن قبل این آئی اے نے کشمیر میں ایک چھاپے کے دوران مدرسے کے ایک سابق طالب علم توصیف کو گرفتار کیا تھا،اورغالباًاس کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کے تحت این آئی اے نے 7 کشمیری طالب علموں کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاہے۔