ذہنی وجسمانی تندرستی کیلئے نوجوان کھیل کودسرگرمیوں میں حصہ لیں:لال سنگھ
کٹھوعہ/فٹ بال کھیل کو فروغ دینے اور خطے کے کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے ششتر سیما بل جموں نے سماجک چیتنا ابھیان پروگرام کے تحت انڈر 19اڑان فٹ بال ٹورنامنٹ 2017ء کا انعقادکیا ہے جو 6نومبر سے 26نومبر تک جاری رہے گا۔ اس ضمن میں آج ڈی پی ایس راجباغ کٹھوعہ میں افتتاحی پروگرام منعقد ہوا جس میں وزیر جنگلات و ماحولیات چودھری لال سنگھ مہمان خصوصی تھے جبکہ شہید سنجیت کمار ( جنہیں صدر ہند سے پولیس میڈل ملا تھا ) کی بیوہ منو شرما بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔ٹورنامنٹ دومرحلوں میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ پہلے مرحلے میں 6؍نومبر سے 20؍نومبر تک فٹ بال میچ کھیلیں جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 21؍نومبر سے 26؍نومبر تک کھیل جاری رہے گا۔ زائد از 600کھلاڑی اس 21روزہ ٹورنامنٹ جس کے تحت 60میچ کھیلے جائیں گے ،میں شرکت کر رہے ہیں ۔انہوںنے اس موقعہ پر کہا کہ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم ، رنر اَپ اور سکینڈ رنر اَپ میں بالترتیب 50,000روپے 30,000روپے اور 20,000 روپے نقد انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔وزیرنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انہیں کھیل کود سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ جسمانی تندرسی کے ساتھ ساتھ ذہنی طور بھی صحت مندرہ سکیں اور ایک منضبط زندگی کی راہ پر گامزن رہیں۔سی سی ایف جموں فاروق گیلانی ، ایس ایس پی کٹھوعہ محمد سلیمان چودھری، اے سی ڈی روہت کھجوریہ ، ایس ڈی ایم ہیرا نگر ، بی ڈی او اور دیگرمتعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔