اسلام آباد//پاکستانی دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کا انسانی حقوق کمیشن پاکستانی زیر انتظام کشمیرکا دورہ کرے گا۔او آئی سی نے جموں کشمیر کے دورے کے لئے بھارت سے بھی رابطہ کیاتھا تاہم بھارت نے مثبت جواب نہیں دیا۔دفترخارجہ ترجمان کے مطابق او آئی سی کا انسانی حقوق کمیشن مظفرآباد کا دورہ کرے گا، اس 8 رکنی وفد میں مختلف ممالک کے نمائندے شامل ہوں گے،کمیشن کشمیرسے آئے مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرے گا۔واضح رہے کہ کمیشن نے بھارت سے بھی دورے کی اجازت طلب کی ہے ، تاہم بھارت کی جانب سے کوئی بھی جواب نہیں دیا گیا ہے۔ترجمان پاکستانی دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پچھلے دنوں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر نے جائزہ کمیشن بھیجنے کی پیشکش کی تھی، انہوں نے زخمیوں،متاثرین، مقامی آبادی سے ملنے کی درخواست کی تھی،مگر بھارت نے اقوام متحدہ کی پیشکش مسترد کردی تھی، جبکہ انسانی حقوق کی دیگرتنظیموں نے بھی بھارت سے رابطہ کیا، مگر بھارت انہیں بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔