اوڑی//لائن آف کنٹرول اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو جاں بحق جبکہ 4فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں دو کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اوڑی کے گوہالن علاقے میں حدمتارکہ پر فوج اور جنگجوئوں کے درمیان تازہ جھڑپ ہوئی ہے۔یہ جھڑپ اتوار کی صبح ہوئی تھی جس میں 3اہلکار زخمی ہوئے تھے لیکن پیر کو جھڑپ کے دوران مزید 2اہلکار زخمی ہوئے جن میں دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔جھڑپ کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوا جس کی لاش پیر کو پولیس کے سپرد کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ پیر کی صبح فوجی یونٹ نے انکے حوالے ایک جنگجو کی لاش کی جسکا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ فوج نے پولیس کو اس بات کی جانکاری بھی دی کہ انکے 4اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ جنگجوئوں کے خلاف یہ آپریشن 2دن تک جاری رہا۔تاہم مہلوک جنگجو کی شناخت نہیں ہوسکی ہے البتہ اسکی تحویل سے اسلحہ بر آمد کیا گیا۔واضح رہے کہ اوڑی کنٹرول لائن پر گوہالن علاقے میں گزشتہ10 روز سے فوج کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔اس سے قبل23 ستمبر کو فوج نے اوڑی کے رامپور سیکٹر میں ہتھ لنگا نامی گائوں کے نزدیک کنٹرول لائن پر 3جنگجوئوں کو ہلاک کیا تھا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مسلح جھڑپ گوہالن گائوں سے 18کلو میٹر دور جنگلاتی علاقے میں ہوئی ہے،اور دس روز سے فوج نے اس پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے رکھی ہے۔ 10دن سے گوہالن گائوں میں ہر طرح کی سرگرمیاں بند ہیں۔ گائوں کے اندر اگرچہ صورتحال نارمل ہے لیکن کسی کو باہر یا اندر آنے کی اجازت نہیں ہے۔
اکھنور سیکٹر میں اسلحہ بر آمد
عظمیٰ نیوز ڈیسک
جموں//سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) نے پیر کو جموں ضلع کے اکھنور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود ، منشیات اور جعلی بھارتی کرنسی برآمد کی۔بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ اکھنور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ تلاشی آپریشن کے دوران اسلحہ کی بھاری کھپ کو اس وقت برآمد کیا گیا، جب ایک بیگ جھاڑیوں میں چھپا ہوا پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیگ کھولنے پر اس میں چار پستول ، آٹھ میگزین ، گولیوں کے 100 رائونڈ ، تقریباً ایک کلو وزنی منشیات کا ایک پیکٹ اور 2 لاکھ،75 ہزارروپے مالیت کی جعلی بھارتی کرنسی پائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کھیپ علاقے کے ملک دشمن عناصر کو پہنچائی جا سکتی تھی لیکن بی ایس ایف نے ان کی "کھیپ پر قبضہ کرکے ان کی مذموم کوششوں کو ناکام بنا دیا"۔