ظفر اقبال+غلام نبی رینہ
اوڑی،کنگن// اوڑی میں اتوار کو لارابل بلکوٹ کے علاقے کے قریب نالہ حاجی پیر سے دو لاشیں برآمد ہوئی۔ذرائع نے متوفی جوڑی کی شناخت 20 سالہ بسیر احمد پٹھان ولد سلام دین پٹھان ساکنہ بلکوٹ اوڑی اور 18 سالہ شافیا بانو دختر محمد مشتاق آوان ساکنہ تھاجل کے بطور کی ہے۔ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ جوڑا پھسل گیا اور پہاڑی کے نیچے گر گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔تاہم صحیح حقائق کی معلومات مزیدتفتیش کے بعد ہی پتہ چلے گا۔ واقع کے فور” بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے موقعہ پر پہنچی اور لاشوں کو بازیاب کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ادھربوہامہ کپوارہ میں ایک موٹر سائیکل اور ایک ایس یو وی (مہندرا XUV700) کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں فیضان احمد پیر (25) ولد محمد اشرف ساکن چک ڈرگمولہ کی موت واقع ہوئی جبکہ2زخمیوں اسرار احمد شاہ ولد محمد شفیع شاہ اور منظور احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار دونوں ساکن چکولہ کوفوری طور پر سب ڈسٹرک ہسپتال کپوارہ علاج کے لیے منتقل کیا گیا، جہاں سے اسرار احمد شاہ کو سری نگر منتقل کیا گیا۔اس دوران سنیچرکی شب ذیڈ مور ٹنل میں کام کررہا 24برس کا ملازم عرفان احمد رینہ ولد مرحوم حاجی غلام نبی رینہ ساکن گگن گیر گنڈ کنگن اس وقت لقمہ اجل بنا جب ایک تیز رفتار ٹاٹا موبائل زیر نمبر 5847/JK03K نے اس کو شدید ٹکر مار ی جس کے نتیجے میں مذکورہ نوجوان کے سر میں گہری چوٹ آئی ۔ وہاں کام کررہے دیگر مزدوروں نے حادثے سے متعلق تعمیراتی کمپنی کے افسران کو مطلع کیا اور زخمی نوجوان کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے پرائمری ہیلتھ سنٹر کلن منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک قرار دیکر مزید علاج کے لئے سکمز صورہ منتقل کیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا ۔اس کی لاش اس کے آبائی علاقے گگن گیر میں پہچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔