اوڑی+سوپور // لائن آف کنٹرول کے نزدیک سلام آباد اوڑی میں فوج اور جنگجوئوں کے مابین خونریز معرکہ آرائی میں 3جنگجو جاں بحق جبکہ فوج کے ایک اہلکار اور ایک خاتون سمیت5افراد زخمی ہوئے اور 2مکان تباہ ہوئے۔ اس دوران سوپور میں گرینیڈ دھماکے میں تین اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوئے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات کے دوران انہیں اس بات کی اطلاع ملی تھی کہ لائن آف کنٹرول سے جنگجوئوں کے ایک گروپ نے دراندازی کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور مذکورہ جنگجوئوں کا گروپ سرینگر مظفر آباد روڑ پر واقع کالگی نامی گائوں کے قریب چڑی میدان بستی کے متصل قائم76آرٹلری کیمپ کے نزدیک ایک چھوٹی سی بستی میں چھپے ہوئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ پچھلے سال اوڑی میں فوجی کیمپ پر حملہ ہونے کا واقعہ ایک بار پھر دہرانے کی تیاری ہورہی تھی لیکن فورسز نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔پولیس نے بتایا کہ 8آر آر اور پولیس نے مشترکہ طور پر بستی کو گھیرے میں لیا اور رات کے 2بجے جنگجوئوں کے ٹھکانے تک پہنچنے کی کوشش کی جس کے بعد طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی جو صبح 7بجے تک جاری رہی۔ابتدائی طور پر ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی اور وہ جس مکان میں تھا وہ بھی تباہ ہوا۔ مذکورہ جنگجو کی ہلاکت کے بعد جب دیگر مکانوں کی تلاشی لینے کی کارروائی شروع کی گئی تو دوسرے مکان میں موجود جنگجوئوں نے فائر کھول دیا، جس کے بعد دوبارہ گولیوں کا تبادلہ ہوا اور جنگجو ایک اوررہائشی مکان میں گھس گئے۔کئی گھنٹوں تک شدید فائرنگ کے تبادلے میں 76آرٹلری کا ایک اہلکار چندر بھون شدید زخی ہوا، جسے سرینگر منتقل کردیا گیا،جبکہ مزید 2جنگجو مارے گئے۔اس دوران ایک اور مکان بھی تباہ ہوا۔گولیوں کے تبادلے کے دوران کراس فائرنگ میں 4شہری بھی مضروب ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ان میںعبد الحمید خان ولد قطب الدین خان ساکن کالگی ،رفیق احمد ولد اسرائیل پوسوال ساکن کالگی،سفینہ بیگم زوجہ محمد ارشف پوسال ساکن کالگی اورعمران حسین شاہ ولد تصدق حسین شاہ ساکن بس گراں اوڑی شامل ہیں۔زخمیوں کو اوڑی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔جنگجوئوں اور فوج کے مابین جھڑپ میںاسرئیل پوسوال اور عبد الرشید پوسوال کے مکانات تباہ ہوگئے۔جھڑپ کے دوران اوڑی کی فضائوں میں ہیلی کاپٹر گشت کرتا رہا۔مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔ادھر سوپور میں سٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ کے باہر موجود179 بٹالین سی آر پی ایف کو نشانہ بنانے کی غرض سے گرینیڈ پھینکا گیا جو نشانہ چوک کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر ایس پی او عاقب نمبر 268 اور شبیر احمد نمبر136 ، ایک سی آر پی ایف اہلکار عبدالرشید اور عام شہری نذیر احمد تیلی ولد غلام احمد تیلی ساکن آرم پورہ سوپور، بشیر احمد شاہ ولد غلام محی الدین شاہ ساکن بادامباغ سوپور، عامر امین صوفی ولد محمد امین صوفی ساکن باغات سوپوراور عبدالر حمان ڈار ولد غلام احمد ڈار ساکن نسیم باغ سوپور زخمی ہوئے۔سوپور سب ضلع اسپتال میں صرف چھ زخمی افراد لائے گئے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ 7افراد مضروب ہوئے جنہیں معمولی چوٹیں آئیں تھیں۔پولیس کے بیان کے مطابق سوپور میں جنگجوئوں کی جانب سے فورسزگاڑی کے اندر گرینیڈ پھینکا گیاجس کو ایک ایس پی او نے ہاتھ سے محفوظ جگہ کی طرف پھینک کر ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا۔ یہ واقعہ مین چوک سوپور میں صبح ساڑھے نو بجے پیش آیا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گرینیڈ پھٹنے سے سات افراد معمولی زخمی ہوئے ، جن کوعلاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر282/2017 زیر دفعہxp Sub Act 307,RPC 3/7 E درج کرلیا ہے۔