اوڑی // سرحدی قصبہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں سینچر کو ہند پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں فوج کے ساتھ کام کر رہا ایک قلی موقعہ پر ہی ہلاک جبکہ 2خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ سنیچر کو قریب 11 بجے حد متارکہ پر کمل کوٹ سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی شنکر,رانی اور پتھر نامی چوکیوں کو پاکستانی فوج نے نشانہ بنایا۔ ہندو پاک افواج کے درمیان شام تک فائرنگ اور مارٹر شلنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس میں فوج کی 8 آر آر رجمنٹ کے ساتھ کام کر رہا 22 سالہ سید عباس حسین شاہ ولد مظلوم شاہ ساکن کمل کوٹ اوڑی شیل لگنے سے موقعہ پر ہی ہلاک ہو گیا۔اس دوران کچھ مارٹر شیل کمل کوٹ سیکٹرمیں آبادی والے علاقے میں بھی گرے جس کے نتیجے میں 18 سالہ نصرینہ بانو دختر فقیر اللہ بٹی ساکن ماڑیاں کمل کوٹ اور 45 سالہ افصہ بیگم زوجہ منظور احمد خان ساکن کنڈی برجالہ کمل کوٹ شدید طور پر زخمی ہوئیں۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ دونوں خواتین اپنے گھروں کے باہر تھیں کہ اچانک مارٹر شیل آبادی میں گرنے شروع ہو گئے۔ گولہ باری شروع ہوتے ہی تمام سکول بند کر دیئے گئے ۔