سرینگر// سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے کہا ہے کہ سرحدی قصبہ اوڑی کو ایڈونچر ٹورازم کے لئے استعمال کیا جائے گا جس کے لئے سیکورٹی کلیئرنس حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ اطلاع پیر کو یہاں یو این آئی کو دی۔ تصدق حسین نے کہا کہ سیاحتی انڈسٹری کے فوائد سے ریاست کا ہر ایک علاقہ مستفید ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا ’ریاست میں سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لئے ہم نے لداخ اور شمالی کشمیر کے اوڑی میں کچھ نئے علاقوں اور روٹوں کو ایڈونچر ٹورازم کے لئے استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے سیکورٹی کلیئرنس حاصل کی جارہی ہے‘۔ تصدق حسین نے کہا ’سیاحتی انڈسٹری کے فوائد سے ریاست کے ہر ایک علاقے کو مستفید کرنے اور اس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ جب یہ ہوگا تو سیاح بڑی تعداد میں کشمیر آنا شروع ہوں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سیاحوں کو کشمیرکی طرف راغب کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ’سوشل میڈیا پر سیاحت کو فروغ دینے سے کشمیر آنے والے سیاحوں کی تعداد یقینی طور پر بڑھ سکتی ہے۔ ہم سیاحوں کو کشمیر کی طرف راغب کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے علاوہ دوسرے دستیاب طریقوں کا بھی استعمال کررہے ہیں‘۔