عظمیٰ نیوز سروس
بھوبنیشور//اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں ایک بی ایڈ طالبہ کی خودسوزی کے واقعے نے ریاست بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ متاثرہ طالبہ نے ایک استاد پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا لیکن شکایت کے باوجود کوئی سخت کارروائی نہ ہونے سے مایوس ہو کر اس نے خود کو آگ لگا لی۔ طالبہ تین دن زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بھونیشور کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں دم توڑ گئی۔یہ واقعہ فقیر موہن کالج میں پیش آیا، جہاں طالبہ بی ایڈ انٹیگریٹڈ کورس کے دوسرے سال میں زیر تعلیم تھی۔ واقعے کے بعد ریاست کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ کانگریس کی ریاستی اکائی کے صدر بھکت چرن داس نے اعلان کیا کہ 17 جولائی کو کانگریس کی قیادت میں آٹھ اپوزیشن جماعتیں ریاست گیر بند کا اہتمام کرے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت خواتین کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔بھکت چرن داس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، وہ لڑکی پٹرول لے کر آئی اور سب چپ چاپ تماشہ دیکھتے رہے۔ کسی نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بند کا مقصد طالبہ کو انصاف دلانا اور حکومت کی بے حسی کو اجاگر کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لڑکی کی موت صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ یہ ثابت کرتی ہے کہ ریاست میں خواتین کے لیے تحفظ کا نظام کس حد تک ناکام ہو چکا ہے۔اس واقعے کے بعد حکومت نے دبا میں آ کر کارروائی کی ہے۔ فقیر موہن کالج کے پرنسپل دلیپ گھوش اور تعلیمی شعبے کے سربراہ سمیر کمار ساہو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بی جے پی نظام نے ایک بیٹی کا قتل کردیا: راہل
یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اڈیشہ میں ایک نوعمر لڑکی کی خود سوزی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے نظام کے ذریعہ قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عصمت دری کرنے والوں کو پکڑنے کی اس کی درخواست سن لی جاتی تو یہ بیٹی آج ہمارے درمیان زندہ ہوتی راہل گاندھی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا’’اڈیشہ میں انصاف کے لیے لڑنے والی بیٹی کی موت بی جے پی کے نظام کے ذریعہ براہ راست قتل ہے۔ اس بہادر طالبہ نے جنسی استحصال کے خلاف آواز اٹھائی – لیکن انصاف دینے کے بجائے اسے دھمکیاں دی گئیں، ہراساں کیا گیا، اسے بار بار ذلیل کیا گیا‘‘۔انہوں نے طالبہ کی موت کے لیے بی جے پی حکومت کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جن کو اس کی حفاظت کرنی تھی، وہی اسے دھماتے رہے۔ ہمیشہ کی طرح، بی جے پی کے نظام نے قصوروار ملزمان کو تحفظ فراہم کرنے کا کام کیا اور ایک معصوم بیٹی کو خود سوزی کرنے پر مجبور کیا۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “یہ خودکشی نہیں ہے، بلکہ بی جے پی کے نظام کے ذریعہ منظم قتل ہے۔