سی این آئی
سرینگر //جنوبی اور شمالی کشمیر کے متعدد علاقوں سے براہ راست سرینگر تک چلنے والی سرکاری بس سروس سے جہاں مسافروں کا سفر آرام دہ اور آسان ہو گیا ہے، وہیں جنوبی قصبہ اونتی پورہ کے ایک درجن علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں نے سرینگر کیلئے بس سروس شروع کرنے کا انتظامیہ سے پُر زور مطالبہ کیا ہے ۔ اونتی پورہ کے متعدد علاقوں کے لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہاں سے ایک سرکاری بس سرینگر تک براہ راست چلائی جائے تاکہ لوگوں کو آسائش مل سکے اور ان کا سفر آرام دہ ہو ۔ نمائندے سے بات کرتے ہوئے اونتی پورہ، پدگام پورہ، ڈنگر پورہ، ریشی پورہ، لاڑکی پورہ، ملنگ پورہ اور آس پاس کے علاقوں کے مکینوں نے بتایا کہ اگرچہ اننت ناگ سے سرینگر تک قومی شاہراہ پر بس سروس چل رہی ہے لیکن اونتی پورہ علاقے کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔کیونکہ وہاں تک انہیں پھر گاڑیاں نہیں میسر ہوتی ہے اور انہیں گھروں تک پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بسیں عام طور پر مسافروں سے بھری رہتی ہیں، جس سے اونتی پورہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے۔اونتی پورہ کے رہائشی ذاکر احمد نے علاقے کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا، جن میں ملازمین اور طلباء بھی شامل ہیں، جنہیں کام یا تعلیمی مقاصد کیلئے مستقل بنیادوں پر سرینگر جانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں مناسب بس سروس نہ ہونے کی وجہ سے مریض اور بزرگ بھی پریشانی کا شکار ہیں۔ایک اور مقامی رہائشی راشد حسین نے کہا کہ ہائی وے پر چلنے والی خدمات اونتی پورہ کے رہائشیوں کیلئے کوئی فائدہ مند نہیں ہیں کیونکہ زیادہ تر بسیں ٹاؤن کو بائی پاس کرتی ہیں جبکہ بہت سی اوور لوڈ کی وجہ سے اسٹاپ پر نہیں روکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اونتی پورہ سے سرینگر تک بس خدمات کی فوری ضرورت ہے تاکہ مقامی لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال، مقامی لوگوں کے پاس سومو پر سوار ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے، جو انہیں صرف پانتھ چوک تک لیجاتی ہے اور ان کے لیے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ معاملہ متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا ہے جنہوں نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ خدمات جلد شروع کر دی جائیں گی لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا گیا۔اب ایک بار پھر اونتی پورہ علاقے کے مکینوں نے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے حکام اور ضلع کمشنر پلوامہ سے اپیل کی کہ وہ ان کے علاقے میں ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔