عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن پامپور کی ایک ٹیم نے تولہ باغ علاقے میں ایک گاڑی اگنس زیر رجسٹریشن نمبرJK02CC 0370 جس میں دو افراد سوار تھے، کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی میں سوار دو افراد کی تحویل سے 300 گرام چرس پائوڈر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو برسر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت یونس نثار ولد نثار احمد ساکن ووین اور سید ماجد الطاف ولد محمد الطاف ساکن لیتہ پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس جرم کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پامپور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 111/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شرورع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس معاشرے سے منشیات کے ناسور کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
اونتی پورہ میں 2 منشیات فروش گرفتار، چرس جیسا مواد بر آمد: پولیس
