سرینگر//پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ انہوں نے جنوبی ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ایسے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے جو چوری کی گاڑیاں فروخت کرنے میں ملوث ہیں۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ بہت ہی سستے داموںگاڑیاں بیچ رہے ہیں۔اطلاع ملتے ہیں تحقیقات کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ بعض لوگ باہری ریاستوں سے چوری کرکے لائی گئی گاڑیاں سستے داموں بیچ رہے ہیں اور اس ضمن میں اونتی پورہ پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر نمبر188درج کی گئی۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں محمد شفیع ڈار ولد غلام محمد ساکن لیتہ پورہ،شمیم احمد بٹ ولد محمد رجب بٹ ساکن لیتہ پورہ اور عبد الرشید بٹ ولد غلام محی الدین ساکن لیلہ ہار کاکا پورہ کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کی تحویل سے تین چوری شدہ گاڑیاں بر آمد کی گئی ہیں جن میں ایک اسکارپیو،دو آلٹو اور ایک کے 10گاڑیاں شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان گاڑیاں چراکر فوری طوران کے نمبر پلیٹ تبدیل کرکے جعلی نمبر پلیٹ لگاتے تھے ۔
پولیس کے مطابق اس کیس کے سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔