سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مولانا آزاد روڈ پر پرانے کے ایم ڈی بس اڈے میں نیم خود کار کار پارکنگ سہولیت کا افتتاح کیا ۔ یہ سہولیت شہر سرینگر کے مصروف ترین لال چوک علاقے سے گذرنے والی گاڑیوں اور مسافروں کیلئے ایک بہت بڑی راحت ہو گی ۔ اس نوعیت کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کار پارکنگ سہولیت ریاست میں پہلی بار قائم کی گئی ہے ۔ انہوں نے پارکنگ سہولیت میں مختلف پارکنگ سطحوں کا جائیزہ لیا اور گاڑیوں کی پارکنگ اور انہیں وہاں سے نکالنے کا مشاہدہ کیا ۔ سی ای او ایرا نے وزیر اعلیٰ کو پروجیکٹ کے خدو خال کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی تعداد میں ہو رہے اضافے کے سبب اس نوعیت کی سہولیت کی ضرورت کا احساس کافی وقت سے تھا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سہولیت کے قیام سے لال چوک اور گردو نواح میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی ۔ اس جدید کار پارکنگ سہولیت کا سارا میکنزم خود کار ہے جس میں فیس کی ادائیگی اور رسید حاصل کرنے کا عمل بھی شامل ہے ۔ زائد از 1545 مربع میٹر پر پھیلا ہوا شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز میں قایم یہ پارکنگ سہولیت 27.15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اور اس میں 288 گاڑیوں کو پارک کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ یہ سہولیت 4 بیز پر مشتمل ہے اور ہر ایک میں 72 گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجایش ہے اس کے علاوہ عمارت میں ایک کمرشل کمپلیکس ،دفتر اور بیت الخلاء بھی موجود ہے ۔ سہولیت کی تعمیر اکنامک ری کنسٹریکشن ایجنسی نے ایشین ڈیولپمنٹ بنک کی مالی معاونت سے کی ہے اور پروجیکٹ کی تکمیل دو برسوں میں مکمل کی گئی ۔