عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر کرائم برانچ نے بدھ کو اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک شادی شدہ جوڑے کے خلاف ایک چارج شیٹ داخل کی ہے جس میں اودھم پور ضلع کے ایک تاجر کو کھانے کی مصنوعات کی فراہمی کے بہانے 3.25 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا گیا ہے۔ ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ، جموں کے اقتصادی جرائم ونگ نے وارانسی کے منیش ورما اور ببیتا کے خلاف یہاں کی ایک مقامی عدالت میں 224 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی جس میں اس سال کے شروع میں درج ایک کیس میں مجرمانہ سازش اور دھوکہ دہی کے الزامات شامل ہیں۔ یہ معاملہ مہاجن ایجنسی ٹریڈنگ فرم کی ایک شکایت سے شروع ہوا تھا جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزم کے ذریعہ چلائی جانے والی سائی ایگرو فوڈ انڈسٹری نے اسے کچھ فوڈ پروڈکٹ کے 500 یونٹس کا آرڈر دینے کا لالچ دیا تھا اور اس عمل میں 3.25 لاکھ روپے سے زیادہ کی دھوکہ دہی کی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ تحقیقات نے الزامات کو ثابت کیا اور انکشاف کیا کہ ملزم نے شکایت کنندہ میسرز مہاجن ایجنسی کو مجرمانہ نیت سے دھوکہ دیا۔