اودھم پور// پارٹی کیڈر کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے اور اپنی پالیسیوں وپروگراموں کو عوام تک پہنچانے کی غرض سے جاری مہم کے تحت اپنی پارٹی نے اودھم پور میں ورکروں کا یک روزہ کنونشن منعقد کیا جس میں جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا اور جلد ریاستی درجے کی بحالی کا پرزور مطالبہ کیاگیا۔ یک روزہ پارٹی ورکرورز کنونشن ضلع صدر اودھم پور ہنس راج ڈوگرہ اور سابقہ ایم ایل اے چنینی فقیر ناتھ نے منعقد کیاتھا جس میں جموں سے پارٹی سنیئرلیڈران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی صدر منجیت سنگھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ’’اگست 2019سے جموں وکشمیر کے لوگ بغیر کسی منتخب حکومت کے متاثر ہیں، کوئی بھی نہیں جولوگوں کی مدد کرے، ترقیاتی کام سست روی سے جاری ہیں، افسران کو دیہات اور پہاڑی علاقہ جات میں لوگوں کی مشکلات کی کوئی پرواہ نہیں‘‘۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیاکہ جلد سے جلد ریاستی درجہ بحال کیاجائے اور یہاں پر اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی، صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، او بی سی ریاستی کارڈی نیٹر مدن لال چلوترہ وغیرہ بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ریٹائرڈ بی ڈی او شام لال سوترہ سمیت درجنوں افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔