کارڈف //پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پُرامید ہیں کہ ٹیم کا حوصلہ بہت بلند ہے اور وہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں 237 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے 137 رنز پر 6 کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے ، لیکن سرفراز 61 رنز پر ناٹ آوٹ رہے جبکہ محمد عامر بھی سرفراز کا شاندار طریقے سے ساتھ دیتے ہوئے 28 رنز پر ناٹ آوٹ رہے ، سری لنکا کی جانب سے سرفراز کے دو کیچ بھی چھوڑے گئے ۔کارڈف میں یہ سرفراز کی دوسری شاندار اننگز تھی، گزشتہ سال اسی گراونڈ میں دیکھا گیا کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 303 رنز کا ٹارگٹ 4 وکٹوں سے حاصل کیا اور ٹیم 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش سے بچ گئی تھی۔سرفراز نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے گذشتہ برس آخری ون ڈے یہاں کھیلا تھا اور ہم اُس وقت جیت گئے تھے ، ہم نے 300 رنز کا ہدف پورا کیا، تو ظاہر ہے کارڈف میں کھیلنے کے حوالے سے ہمارا حوصلہ بہت بلند ہے ۔تاہم مذکورہ سیریز کے بعد سے انگلینڈ کے کھیل میں کافی بہتری آئی ہے اور اس نے اب تک 12 میچوں میں سے 11 میں فتح حاصل کی۔