یو این آئی
ملتان/ ہیری بروک ( 317) اور جو روٹ ( 262) کی ریکارڈ اننگز کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جمعرات کو سات وکٹ پر 823 رن پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ پاکستان کے خلاف اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 267 رن کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ انگلینڈ نے آج صبح تین وکٹ پر 492 رن کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ انگلینڈ نے چوتھے دن کے پہلے سیشن میں تین وکٹ کے نقصان پر 607 رن بنائے اور اس دوران جو روٹ نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی، پہلے سیشن کے بعد جو روٹ (ناٹ آؤٹ 232) اور ہیری بروک 195 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ دریں اثناء روٹ نے یہ 62 سال پرانے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے ۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں جو روٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے ۔ یہ انگلینڈ کے کسی بلے باز کی پاکستان میں دوسری ڈبل سنچری ہے ۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک صرف دو انگلش بلے باز ایسے ہیں جنہوں نے پاکستان میں ڈبل سنچری اسکور کی ہو۔ اس سے قبل 1962 میں کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ٹیڈ ڈیکسٹر نے پاکستان کے خلاف 205 رن بنائے تھے ۔ جو روٹ پہلے ہی انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رن بنانے والے بلے باز بن چکے تھے ۔ انہوں نے سابق کپتان ایلسٹر کک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے اس میچ میں 250 سے زائد رن کی اننگز کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 20 ہزار رن بھی مکمل کر لیے ۔ یہ روٹ کے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری ہے اور وہ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ آغا سلمان نے 137 ویں اوور میں جو روٹ کو ایل بی ڈبلیو کیا۔