یو این آئی
لندن/ مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں سخت مقابلے کے بعد برینٹ فورڈ کو شکست دے دی جبکہ نیوکیسل یونائیٹڈنے ناٹنگھم فارسٹ کو 0-2 گول سے ہرا کر لیگ میں دوسری فتح سمیٹ لی ۔امریکی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا 34 واں سیزن انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ جی ٹیک کمیونٹی اسٹیڈیم، لندن کے مقام پر کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں مانچسٹر سٹی اور برینٹ فورڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد برینٹ فورڈ کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔مانچسٹر سٹی کی جانب سے ایرلنگ ہالینڈنے میچ شروع ہونے کے بعد نویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برینٹ فورڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلائی جو بعد میں میچ کے اختتام تک برقرار رہی ۔یہ مانچسٹر سٹی کی لیگ میں چوتھی فتح ہے ۔سینٹ جیمز پارک، نیو کیسل اپون ٹائن، انگلینڈمیں کھیلے گئے ایک اور میچ میں نیوکیسل یونائیٹڈ اور ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیمیں نبردآزما تھی جس میں نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیم کو صفرکے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔برونو گیماریس اور نک وولٹیمیڈ نے ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردارا دا کیا۔