عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انکم ٹیکس دن منانے کے ایک حصے کے طور پر انکم ٹیکس محکمہ سرینگر نے چیف کمشنر آف انکم ٹیکس (جموں و کشمیر اور لداخ) وکرم سہائے، کے زیراہتمام ڈاک بنگلہ، سوپور میں ایک انکم ٹیکس آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کا مقصد رضاکارانہ ٹیکس کی تعمیل کو فروغ دینا، ٹیکس کی اہمیت سے متعلق معلومات کی ترسیل اور ٹیکس دہندگان کے خدشات کو دور کرنا تھا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سہائے نے قومی ترقی میں ٹیکس کے کردار پر زور دیا اور ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ وہ بروقت تعمیل اور درست اعلانات کو یقینی بنائیں۔ ٹیکس دہندگان کے دوستانہ نقطہ نظر کیلئے محکمہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شکایات کے جلد ازالے اور مستقبل میں اسی طرح کے آگاہی اقدامات کے ذریعے رسائی بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔تقریب میں 100سے زائد مقامی تاجروں، ٹیکس پیشہ ور افراد، سوپور ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے ممبران، انکم ٹیکس بار ایسوسی ایشن، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کشمیر چیپٹر)اور دیگر تجارتی اداروں نے شرکت کی۔ ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور پولیس انتظامیہ سوپور کے افسران نے بھی پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے تعاون کیا۔سوپور کے تجارتی اداروں کے نمائندوں نے محکمہ کی کوششوں کی تعریف کی اور خطے میں ٹیکس کے بارے میں ایک مثبت اور باخبر ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کے مزید بیداری پروگراموں کی ضرورت کا اظہار کیا۔