یواین آئی
نئی دہلی// ممبئی ایئرپورٹ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی سے گوا جانے والی انڈیگو پرواز کی بدھ کی رات ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارہ کو بحفاظت اتارنے میں ایئرپورٹ کے عملے نے مکمل تعاون کیا اور اس واقعہ سے دیگر پروازوں کی آمدورفت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ چھترپتی شواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈہ ممبئی کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ انڈیگو طیارہ کے پائلٹ کی ہنگامی لینڈنگ کی درخواست پر 16 جولائی کی رات 9 بج کر 35 منٹ پر مکمل ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا۔ طیارہ رات 9 بج کر 52 منٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا اور صرف پانچ منٹ بعد ہنگامی حالت ختم کر دی گئی۔واضح رہے کہ دہلی سے گوا جا رہی انڈیگو کی پرواز نمبر 6E 6271 کو بدھ کی رات تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر ممبئی کے چھترپتی شواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتارنا پڑا۔ ایئرلائن کے پائلٹ نے بتایا کہ پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا احساس ہوتے ہی طیارہ کو فوری طور پر ممبئی میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔