دھرمشالہ//انڈیا کے شمالی شہر دھرمشالہ میں جاری چوتھے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انڈیا نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو ایک کے فرق سے سریز جیت لی ہے۔کھیل کے تیسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 137 رنز پر سمٹ گئی اور انڈیا کو جیت کے لیے 106 رنز کا آسان ہدف دیا جسے انھوں نے دو کٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنایا تھا، جس کے جواب میں بھارت نے 332 رنز بنا کر 32 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔اس میچ میں کپتان وراٹ کوہلی کی جگہ اجنکیا رہانے کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کیونکہ وہ چوٹ کے سبب میچ سے باہر ہوگئے تھے۔رویندر جڈیجہ کو اچھی بیٹنگ اور بولنگ کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں انھوں نے عمدہ بولنگ کی تھی جس کے سبب انھیں مین آف دا سیریز بھی قرار دیا گیا۔آسٹریلیا کی جانب سے سیریز میں کپتان سٹیون سمتھ نے عمدہ بیٹنگ کی اور تین سنچریاں سکور کیں۔سنیچر کو شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں ہی میٹ رین شا ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے بعد ٹیم کپتان سٹیون سمتھ کی سنچری اور ڈیوڈ وانر کی نصف سنچری کی بدولت 300 رنز بنانے میں کامیاب ہو۔انڈیا کی جانب سے نئے کھلاڑی کلدیپ یادو نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ انڈیا کی جانب سے لوکیش راہل، چیتیشور پجارا اور رویندر جڈیجہ کی نصف سنچریاں سکور کیں اور انڈیا کو 32 رنز کی اہم سبقت دلائی اور پھر امیش یادو، جڈیجہ اور ایشون کی عمدہ بولنگ کے سامنے آسٹریلیا بے بس نظر آئی۔چار ٹیسٹ میچوں کی رواں سیریز میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک میچ میں کامیابی ملی ہے جبکہ تیسرا میچ ڈرا رہا تھا۔