یو این آئی
کینبرا/ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بدھ کو ہونے والا پہلا ٹی 20 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور تیز شروعات کرنے کی کوشش میں ابھیشیک شرما نیتھن ایلس کا شکار بن گئے ۔ بارش پھر شروع ہو گئی، جس سے کھیل کو 18 اوورز فی سائیڈ تک کم کردیا۔ جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو سوریہ کمار یادو اور شبھمن گل نے جارحانہ انداز میں بلے بازی شروع کی۔ دونوں بلے باز اپنی نصف سنچری کے قریب تھے جب بارش ایک بار پھر لوٹ آئی، بالآخر میچ کو رد کرنا پڑا۔ ٹاس ہارنے کے بعد ابھیشیک شرما اور شبھمن گل کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور تیزی سے اسکور کیا۔ اس دوران چوتھے اوور کی پانچویں گیند پر ناتھن ایلس نے ابھیشیک شرما کو ٹم ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ ابھیشیک شرما نے 14 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے ۔ پانچویں اوور کے اختتام کے بعد بارش شروع ہوگئی جس کے باعث کھیل روکنا پڑا۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور ایک وکٹ پر 43 رنز تھا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان سوریہ کمار یادیو نے بھی دھماکہ خیز بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا۔ 10ویں اوور میں بارش کی دوسری رکاوٹ کے وقت ہندوستان نے 9.4 اوور میں ایک وکٹ پر 97 رنز بنا لیے تھے ۔ سوریہ کمار یادیو 24 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور شبھمن گل 20 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ دو چھکوں کے ساتھ، سوریہ کمار یادیو 150 چھکوں تک پہنچنے والے روہت شرما کے بعد دوسرے ہندوستانی اور دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے ۔ انہوں نے نیتھن ایلس کے اوور میں چھکا لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میدان کا معائنہ کیا اور میچ کو رد قرار دے دیا۔