لکھنؤ// یہاں آئی ٹی ایم میں محکمہ سیاحت جموں کشمیر کے سٹال کو تین دن تک جاری رہنے والے پروگرام کے دوران پرزنٹیشن ، بصری مواد اور سیاحتی مواصلات کی نمائش کے لئے بہترین سٹال قرار دیا گیا۔چیئرمین اینڈ منیجنگ ڈائریکٹرآئی سی ایم اَجے گپتا نے ایوارڈ جموں و کشمیر سیاحت محکمہ کے وفد کو پیش کیا۔ایوارڈ پیش کرتے ہوئے گپتا نے کووِڈ۔19اَن لاکِنگ عمل میں سیاحت کے شعبے کی بحالی کے لئے محکمہ سیاحت جموں کشمیرکے اِقدامات کی تعریف کی۔ اُنہوں نے سرمائی کھیل سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کرنے پر محکمہ کی خصوصی طور پر سراہنا کی ۔محکمہ جموں و کشمیر ٹوراِزم کے علاوہ گجرات ٹوراِزم کو بہترین آرائشی سٹال سے بھی نوازا گیا۔ ہماچل پردیش ٹوراِزم کو سٹال ڈسپلے کے لئے ایوارڈ دیا گیا جب کہ اُتراکھنڈ ٹوراِزم کو سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایوارڈ دیا گیا۔یاد رہے کہ یہاں آئی ٹی ایم میں جموںوکشمیر کے سٹال کا دورہ کرنے والے ٹور آپریٹروں اور خواہشمند سیاحوں نے اَپنی گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔آج اِختتامی دِن پر شرکت کرنے والی ریاستوں اوریوٹیوں کے متعلقین بشمول اُترپردیش ، اُترا کھنڈ ، جموں و کشمیر ، ہماچل پردیش ، گجرات اور ٹریول ایجنٹوں اور ٹور آپریٹروںکے مابین بی ٹو بی میٹنگوںکا اِنعقاد کیا گیا تاکہ سیاحت کی بحالی کو فروغ دیا جاسکے۔دہلی ، لکھنؤ ، کانپور ، گورکھپور ، الٰہ آباد ، وارانسی ، علی گڑھ ، بریلی ، جھانسی ، متھرا ، آگرہ اور شمالی ہندوستان کے دوسرے شہروں کے ٹور آپریٹروں اور ٹریول ایجنٹوں نے بھی بی ٹو بی میٹنگوں میں شرکت کی۔