عظمیٰ نیوز سروس
جکارتہ// انڈونیشیا کے آبنائے بالی میں جمعرات کے روز ایک مسافر جہاز ڈوبنے کے سبب چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں ،جب کہ 38 لاپتہ بتائے جا رہے ہیں اور 23 مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے ۔یہ معلومات ایسٹ جاوا سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے ایک سینئر اہلکار تھولب وٹیلہن نے دی ہے ۔حکام کے مطابق لکڑی کا بحری جہاز کے ایم ٹونوپرتاما جیا مشرقی جاوا کے بنیوانگی ریجنسی میں کیٹاپانگ بندرگاہ سے بالی جزیرے پر جمبرانا ریجنسی میں گلیمنوک بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا۔مسٹروٹیلہن نے کہاکہ‘‘اس واقعے میں 23 افراد زندہ بچ گئے ، چار کی موت اور 38 دیگر لاپتہ ہیں۔’’انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ دونوں خطوں کے درمیان سمندری سرحد کے قریب پیش آیا۔ اس لیے بالی جزیرے اور مشرقی جاوا دونوں جگہوں پر تلاش اور راحت رسانی کا سلسلہ جاری ہے ۔ بالی سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے سربراہ نیومن سیداکریہ نے مشترکہ کوششوں کی تصدیق کی ہے ۔مسٹر وٹیلہن نے کہا کہ بنیوانگی سرچ اینڈ ریسکیو آفس نے آپریشن میں مدد کے لیے 20 سے زائد اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ایک کشتی اور ایک اضافی جہاز بھی تعینات کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تیز ہوائیں اورلہریں راحت رسانی کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔