جموں//ایک اہم فیصلے کے طورپر ریاست میں سرمایہ کاری کو بڑھاوا دینے کی غرض سے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے جموں وکشمیر کے لئے ایک نئی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ سکیم کا اعلان کیا تاکہ سروسز سیکٹر کو مراعات کے دائرے میں لایا جاسکے۔وزیر خزانہ نے بجٹ 2018-19کے بارے میں ایوان بالا میں ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے سے ہوٹلوں کی عمارتوں سمیت پلانٹ اور مشینری پر 30فیصد سینٹرل کیپٹل سرمایہ کاری سبسڈی دی جائے گی۔وزیر موصوف نے اس سکیم کو جموں وکشمیر تک وسعت دینے کے لئے مرکزی سرکار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ ریاست کے سروسز سیکٹر کو فوائد کے دائرے میں لایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت پانچ سال تک تین فیصد انٹرسٹ سبسڈی دی جائے گی جبکہ انڈسٹریز اور سروسز سیکٹر کو 100فیصد انشورنس سبسڈ ی فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹر درابو نے کہاکہ ریاست میں کام کر رہے منیفکچرنگ اور سروسز سیکٹر کے تمام نئے صنعتی یونٹوں کو بھی اس سکیم کے فوائد کے دائرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سکیم کے دو مد ہوں گے جن میں صد فیصد انشورنس کور اور ہوٹل عمارتوں کو پلانٹ مشینری تصور کر کے انہیں 30فیصد سبسڈی شامل ہے۔ایک اور اہم فیصلے میں وزیر خزانہ نے ایس سی / ایس ٹی کار خانہ داروں کے نئے کاروباری یونٹوں کے لئے انٹرسٹ سبونشن کے لئے پانچ کروڑ روپے کے مد کا اعلان کیا۔