سرینگر//سرینگر کے مضافات رنگریٹ کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع رحیم موٹرس میں جمعہ کو آگ ظاہر ہوئی ۔آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ شرکٹ بتایا جاتا ہے۔
رحیم موٹرس میں میکنک کی حیثیت سے کام کرنے والے عرفان احمد کے مطابق وہ معمول کے مطابق کام میں مصروف تھے کہ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ نمودار ہوگئی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔یہ واقعہ صبح ساڑھے دس بجے پیش آیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق اگر چہ آگ بجھانے والے محکمہ کی ایمر جنسی سروس رحیم موٹرس کے بالکل پاس واقع ہے لیکن آگ بجھانے کی اضافی گاڑیاں طلب کرنے میں پندرہ منٹ نکل گئے۔
رحیم موٹرس کے ایک اور ملازم کے مطابق انہوں نے صارفین کی چھ گاڑیوں کو باہر نکالا ہے لیکن باقی ماندہ عمارت کے اندر ہی ہیں۔
فائر اینڈ ایمر جنسی محکمہ کے ذرائع کے مطابق دو انجن آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور پانی کے چھ ٹینڈر بھی کام پر لگائے گئے ہیں تاکہ آگ کو کم سے کم وقت میں قابو کیا جاسکے۔