انڈر 19خواتین عالمی کپ  | شیفالی ورما میں ہندوستان کی کپتانی کریں گی

ممبئی//یو این آئی// ہندوستان کی 18 سالہ سلامی بلے باز شیفالی ورما اگلے سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے افتتاحی انڈر 19 خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پیر کو یہ اطلاع دی۔شیفالی نے ستمبر 2019 میں سینئر ٹیم کی طرف سے ڈیبیو کرنے کے بعد دو ٹیسٹ، 21 ون ڈے اور 46 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔ شیفالی نے 46 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 134.52 کے اسٹرائیک ریٹ اور 24.24 کی اوسط سے 1091 رنز بنائے ہیں۔نیوزی لینڈ ویمن ڈیولپمنٹ ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ہندوستان کی قیادت کرنے والی شویتا سہراوت کو ورلڈ کپ کے لیے نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔19 سالہ وکٹ کیپر ریچا گھوش، جنہوں نے ہندوستان کے لئے 25 ٹی ٹوئنٹی اور 17 ایک روز میچ کھیل چکی ہیں ، کو بھی 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔ وہ شفالی کے علاوہ دوسری کھلاڑی ہیں جو سینئر ٹیم کے لیے کھیلنے کے بعد انڈر 19 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہیں۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا کہ شیفالی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل جنوبی افریقہ میں میزبان ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انڈر 19 ٹیم کی قیادت بھی کریں گی۔ سیریز کا آغاز 27 دسمبر سے ہوگا اور تمام میچز پریٹوریا کے ٹکس اوول میں کھیلے جائیں گے ۔ہندوستان کو انڈر 19 خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں میزبان جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ شامل کیا گیا ہے ۔ شفالی کی ٹیم نے 14 جنوری کو بینونی میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرنا ہے ۔ہر گروپ میں چار میں سے ٹاپ تین ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں جائیں گی جہاں انہیں چھ ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی جو 27 جنوری کو پوچیفسٹروم میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ بھی اسی گراؤنڈ پر 29 جنوری کو ہوگا۔ہندوستانی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ: شیفالی ورما (کپتان)، شویتا سہسراوت (نائب کپتان)، ریچا گھوش (وکٹ کیپر)، جی تریشا، سومیا تیواری، سونیا میندھیا، ہرلے گالا، ہرشیتا باسو (وکٹ کیپر)، سونم یادو ، منت کشیپ، ارچنا دیوی، پارشوی چوپڑا، ٹیٹا سادھو، فلک ناز، شبنم ایم ڈی۔ ایکسٹرا کھلاڑی: شیکھا، نجلا سی ایم سی، یششری۔