انڈرگریجویٹ تیسرے سیمسٹرکا

Mir Ajaz
2 Min Read

بلال فرقانی

سرینگر//کشمیر یونیورسٹی انتظامیہ نے جمعہ کو انڈر گریجویٹ تیسرے سمسٹر کا پولیٹیکل سائنس کا پرچہ اس وقت منسوخ کر دیا جب طلاب نے شکایت کی کہ پرچہ ’’نصاب سے باہر‘ ‘ہے۔کشمیر یونیورسٹی کے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات کی طرف سے جاری نوٹس میں معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امتحان کی تازہ تاریخ کو الگ سے مشتہر کیا جائے گا۔طلبا اور امتحانی معائنہ کاروں نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر کو امتحانی ہالوں میں تیسرے سمسٹر کا پولٹیکل سائنس کا سوال نامہ تقسیم کئے جانے کے ساتھ ہی افراتفری پھیل گئی اور طلبا نے شکایت کی کہ یہ نصاب سے باہر ہے۔مشتعل طلباء نے کہا’’ایک سوال بھی اس نصاب کا نہیں ہے جو ہمیں پڑھایا گیا تھا،‘‘۔

 

ان کا کہنا تھا کہ امتحانی مرکز سپرنٹنڈنٹوں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے یونیورسٹی کے حکام کو فون کرنا شروع کیا لیکن ’’ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک کسی نے ہماری بات نہیں سنی‘‘۔ مشتعل طلبا نے’’ طلاب کے کیریئر سے کھیلنے‘‘ پر کشمیر یونیورسٹی کے عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔کچھ طلبا نے الزام لگایا کہ سوالیہ پرچہ 2018 کے نصاب کے مطابق ترتیب دیا گیا تھا جسے 2021میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا’’ہمیں 2021 کے نصاب کے مطابق پڑھایا گیا تھا‘‘۔طلبہ کا کہنا تھا کہ کشمیر یونیورسٹی کے حکام کو سوال نامہ ترتیب دیتے وقت نصاب میں تبدیلیوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے تھا۔بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی کے بعد طلبا نے کہا کہ انہیں کالج کے حکام نے مطلع کیا ہے کہ مذکورہ امتحانی پرچہ کشمیر یونیورسٹی نے منسوخ کر دیا ہے اور نئے سرے سے لیا جائے گا۔مشتعل طلبا نے کہا’’ہمیں نہیں معلوم کہ کشمیر یونیورسٹی کے ساتھ ہمیشہ ایسا کیوں ہوتا ہے کہ سوالیہ پرچے نصاب سے ہٹ کر ترتیب دئیے جاتے ہیں۔‘‘

Share This Article