سرینگر//وادی بالخصوص گرمائی دارالحکومت سرینگرمیں کورونا مریضوں کی تعدادمیں بے تحاشہ اضافہ ہونے کے بعدضلع انتظامیہ نے ایک ہنگامی اقدام کے بطور’’ انڈئوراسٹیڈیم سرینگر‘‘ کوپھرایک بار کووڈ19سینٹرمیں تبدیل کردیا ہے جبکہ گزشتہ برس جن مقامات وعمارات پرکووڈسینٹر قائم کئے گئے تھے ،اُنکو پھرفعال بنایاگیا ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنرڈاکٹراعجازاسد نے سوموار کے روز اسبات کی جانکاری دی کہ سری نگرمیں قائم انڈوراسٹیڈیم کوپھرسے کووڈ 19سینٹر بنایاگیا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ یہ فیصلہ کورونا مریضوں کی تعدادمیں مسلسل اضافے کے پیش نظر لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمحمدحنیف بلخی نے جانکاری دی کہ جن افرادمیں کورونا کی معمولی علامات پائی جائیں گی ،اُن کیلئے انڈور اسٹیڈیم میں تمام لازمی خدمات وسہولیات میسررکھی جارہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ انڈور اسٹیڈیم کیساتھ ساتھ ایسی جگہوں کوپھرسے کووڈمریضوں کیلئے مخصوص کیاگیا ہے ،جہاں پچھلے سال ایسے مریضوں کورکھاگیا تھا۔ جن دیگرجگہوں جن کوکوویڈ19سینٹروں میں تبدیل کیاگیاہے یا تبدیل کیاجارہاہے ،میں میرج ہال صنعت نگر،کشمیریونیورسٹی کیمپس زکورہ،این آئی ٹی سری نگراورحج ہائوس واقع بمنہ شامل ہیں۔ ایسے تمام کوویڈ19مراکز میں مریضوں ومتاثرہ افرادکیلئے تمام لازمی سہولیات وخدمات بہم رکھنے کیساتھ ساتھ سبھی سینٹروں میں آکسیجن کی سہولیت بھی میسر رکھی جائیگی ۔ادھرضلع پلوامہ کے پانپور میں2ہیلتھ سینٹروں کو کووڈ کئیر سینٹرز میں تبدیل کر دیا گیا۔سانبورہ اور نہامہ میں قایم طبی مراکز کو کورونا کئیر سینٹرز میں تبدیل کیا ہے۔