عظمیٰ نیوزسروس
جموں//گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن جموں میں منعقدہ انٹر کالج ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ میں پانچ ممتاز کالجوں کے شرکاء کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ایونٹ میں مردوں اور خواتین کی دونوں کیٹیگریز شامل تھیں جن میں گورنمنٹ ایم اے ایم کالج، جی سی ڈبلیو گاندھی نگر، گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس، جی جی ایم سائنس کالج، اور میزبان کالج گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کی ٹیمیں شامل تھیں۔تقریب میں 50کے قریب طلباء نے شرکت کی۔گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کی پرنسپل ڈاکٹر جیوتی پریہار نے اس تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، کھلاڑیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھاتے رہیں۔ جموں کے کلسٹر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس اور مہمان اعزازی ڈاکٹر ونود بخشی نے طلباء کی لگن کی تعریف کی اور انہیں ہر کھیل میں سپورٹس مین شپ کے جذبے کو برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔ پروفیسر ستیش شرما نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اس تقریب کی اہمیت کو مزید بلند کیا۔مردوں کے زمرے میں ایس پی ایم آر کالج آف کامرس نے ایم اے ایم کالج کو 3-0 کے شاندار سکور کے ساتھ شکست دے کر فتح حاصل کی۔ خواتین کے زمرے میں ایس پی ایم آر کالج آف کامرس نے بھی جی جی ایم سائنس کالج کو 3-1 کے اسکور سے ہرا کر فتح حاصل کی۔