عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی نے ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کے زیر اہتمام انٹر کالج والی بال اور ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹس کا کامیابی کے ساتھ اختتام کیا۔مختلف کالجوں کے 320 سے زائد کھلاڑیوں نے مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں حصہ لیا۔یونیورسٹی کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت منعقد ہونے والے، ٹورنامنٹس نے طلبا کو ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز، نئی دہلی کے تحت آل انڈیا اور نارتھ زون انٹر یونیورسٹی چمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا ہوا۔خواتین کے والی بال ایونٹ میں کشمیر ڈویژن بھر سے 23 ٹیموں نے دس دنوں تک حصہ لیا۔ فائنل میں پوسٹ گریجویٹ ٹیم اور گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن ، گاندربل کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ پوسٹ گریجویٹ ٹیم کی زبردست واپسی کے بعد، گاندربل نے فیصلہ کن فائنل سیٹ میں چمپئن شپ جیت لی۔یونیورسٹی نے پہلی بار انٹر کالج ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ کی میزبانی کی۔ جی ڈی سی شوپیان، سرینگر ویمن کالج، اور پوسٹ گریجویٹ دستے کے ساتھ دس سے زائد کالجوں نے حصہ لیا، مجموعی طور پر تمغوں کی تعداد میں سب سے اوپر تین پوزیشنیں حاصل کیں۔یونیورسٹی کے گرائونڈ “A” میں منعقدہ ایک تقریب تقسیم انعامات میں میڈلز اور اسناد پیش کی گئیں۔