سرینگر// وادی میں سبھی مواصلاتی کمپنیوں کی موبائیل انٹرنیٹ اور پری پیڈ سہولیات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں،جبکہ ریل سروس بھی دوسرے روز بند رہی ۔ادھر کشیدہ حالات کے پیش نظر کشمیر یونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی نے 29اور30مئی کو لئے جانے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے ہیں۔ اس دوران ڈویژنل انتظامیہ نے سوموار کو تمام سرکاری وغیر سرکاری سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سبھی مواصلاتی کمپنیوں کی موبائیل انٹرنیٹ اور پری پیڈ آوٹ گوئنگ کال سہولیات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں جبکہ پلوامہ شوپیاں ،اننت ناگ میں براڈبینڈ انٹر نیٹ کو بھی منقطع کر دیا ہے۔ احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر وادی میں ریل سروس اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ تب تک ریل سروس کو شروع نہیں کریں گے جب تک نہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے کوئی گرین سگنل ملے گا ۔ اس دوران کشمیر یونیورسٹی نے وادی میں خراب حالات کے پیش نظر 29اور30مئی کو لئے جانے والے تمام امتحانات کو ملتوی کردیا ہے۔ امتحانات کیلئے اگلی تاریخوں کاا علان بعد میں کیا جائے گا۔اسلامک یونیورسٹی نے بھی 29مئی کو لئے جانے والے تمام امتحانات ملتوی کر دئے ہیں ۔اس دوران صوبائی انتظامیہ نے سوموار کو وادی کے تمام سرکاری وغیر سرکاری سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا ہے ۔محکمہ ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جی ایم ایتو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار کو تمام سکول بند رہیں گے ۔