عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//مرکز نے منگل کو سپریم کورٹ کو مطلع کیا کہ اس نے ریاستی چیف سکریٹریوں کو خط لکھا ہے کہ وہ انٹرنیٹ بند کرنے کے معاملے پر عدالت عظمیٰ کے ذریعہ وضع کردہ قانون پر عمل کریں۔ جسٹس وکرم ناتھ اور پی بی ورلے کی بنچ کو مرکز نے انورادھا بھسین کے معاملے میں انٹرنیٹ بند کرنے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں مطلع کیا۔انورادھا بھسین بمقابلہ یونین آف انڈیا میں، عدالت عظمیٰ نے فیصلہ دیا کہ انٹرنیٹ خدمات کی غیر متعینہ پابندی غیر قانونی ہے اور انٹرنیٹ بند کرنے کے احکامات کو ضرورت اور تناسب کے امتحانات کو پورا کرنا چاہیے۔منگل کو، بینچ کے سامنے عرضی میں امتحانات میں دھوکہ دہی کو روکنے کی وجہ سے کچھ ریاستوں میں انٹرنیٹ خدمات بند کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔مرکز کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے کہا”ہم نے چیف سکریٹریوں کو مخصوص خطوط جاری کئے ہیں کہ انورادھا بھسین معاملے میںایک قانون بنایا گیا ہے، براہ کرم اس قانون پر عمل کریں، براہ کرم یقینی بنائیں کہ یہ فراہم کردہ قانون سازی کے پیرامیٹرز کے باہر استعمال نہیںکیا جائے،” ۔وکیل نے کہا کہ مرکز نے اس معاملے میں اپنا جوابی حلف نامہ داخل کیا ہے۔درخواست گزار کی طرف سے پیش ہونے والی ایڈوکیٹ ورندا گروور نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی دلچسپ معاملہ ہے جہاں امتحانات میں دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے مختلف ریاستوں کی طرف سے انٹرنیٹ بند کیا جا رہا ہے۔بنچ نے 29 جنوری کو سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ فریقین اس دوران اضافی دستاویزات اور حلف نامہ داخل کر سکتے ہیں۔