سرینگر/جنوبی قصبہ اننت ناگ میں جمعہ کو فورسز نے ایک نوجوان کو اُس وقت گرفتار کیا جب وہ فورسز کی ہوائی فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سے گرگیا۔گرفتار شدہ کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق اُسے جوئنٹ انٹراگیشن سینٹر اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے جہاں اُس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔
اس سے قبل آج صبح اننت ناگ کے پی روڑ پراُس وقت افراتفری کے مناظر نظر آئے جب تعینا ت فورسز اہلکاروں نے ایک موٹر سائیکل کو روکنے کیلئے ہوا ئی فائرنگ کی۔
اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان فورسز کی طرف سے رکنے کا اشارہ نظر انداز کرتے ہوئے فورسز کی رکاوٹ عبور کرکے نکل گئے جس کے بعد سی آر پی ایف اہلکاروں نے اُنہیں روکنے کیلئے ہوا میں گولیاں چلائیں۔
جی این ایس کے مطابق اس دوران موٹر سائیکل کی پچھلی سیٹ پر سوار نوجوان گرگیا جس کو گرفتار کیا گیا تاہم موٹر سائیکل چلارہا نوجوان جائے واردات سے رفو چکر ہوگیا۔
واضح رہے کہ کے پی روڑ اننت ناگ پر ہی12جون کو جنگجوئوں کے ایک حملے میں5سی آر پی ایف اہلکاراور ایک پولیس آفیسر ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد سے علاقے میں فورسز سخت ترین چوکسی کی حالت میں ہیں۔