اننت ناگ// اتوار کی شام اننت ناگ کے متعدد علاقوں میں شدید ژالہ باری نے بڑے پیمانے پر فصلوں اور میوہ باغات کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے کیسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اتوار کی شام قریب 4بجے ضلع کے کھایار ، ہاپت ناڑ ، وہیل ناگ بال، شمناک ، حسن نور اشمقام بدر اور دیگر کئی علاقوں میں پہلے گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں ہوئیں جس کے ساتھ ہی تیز ژالہ باری ہوئی جو قریب 25منٹ تک جاری رہی ،ژالہ باری کے نتیجے میں نہ صرف دھان کی پنیری کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا بلکہ میوہ باغات اور سبزی کی کیاریوں کو بھی نقصان ہوا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ ژالہ باری اُس قدر شدید تھی کہ درختوں کی ٹہنیاں بھی زمین پر گر گئیں جبکہ مختلف اقسام کے میوہ جات کے درختوں پر پھول نکلے تھے انہیں بھی نقصان پہنچا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اُن کی پوری محنت پر پانی پھر گیا ہے کیونکہ ایسی ژالہ باری انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ۔انہوں نے کہا کہ ژالہ باری اس قدر تیز تھی کہ دیواروں کے ساتھ کئی کئی فٹ برف کے اولوں کے ڈھیر لگ گئے تھے ۔مقامی کیسانوںنے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ نقصان کا معاوضہ فراہم کیا جائے ۔