عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہاہے کہ وہ مجوزہ اننت ناگ-بجبہاڑہ-پہلگام ریل پروجیکٹ کے بارے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور اس ضمن میں کوئی فیصلہ لوگوں پر تھوپنے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس منصوبے کی وجہ سے اپنی زمینیں کھورہے ہیں، وہ اس پروجیکٹ سے سخت نالاں ہیں جبکہ ماحولیاتی ماہرین بھی اس پروجیکٹ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کررہے ہیں کیونکہ مجوزہ ریلوے لائن زرخیز زمینوں اور جنگلاتی علاقوں سے گزرتی ہے۔ بخاری نے ایکس ہینڈل پر لکھا، جن لوگوں کی زمین اننت ناگ-بجبہاڑہ-پہلگام (77.5 کلومیٹر)مجوزہ ریل پروجیکٹ کی زد میں آتی ہے، وہ سخت نالاں ہیں اور احتجاج کررہے ہیں۔ جب سے اس ریلوے لائن کے لیے فائنل لوکیشن سروے (FLS) کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے، لوگوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ زیادہ تر متاثرہ لوگ، جو اپنے باغات اور زرعی اراضی کھورہے ہیں، چھوٹے زمیندار ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ماہرین اس منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کررہے ہیں، کیونکہ منصوبے کے تحت زرخیز کھیتوں اور جنگلاتی علاقوں کے بیچوں بیچ سے ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے۔ حالانکہ لوگوں نے کبھی بھی پہلگام تک ریلوے لائن بچھانے کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔ متعلقہ حکام کو اس معاملے کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے تمام سٹیک ہولڈرز سے بات کرنی چاہیے۔ عوام پر کوئی فیصلہ مسلط نہیں کیا جانا چاہیے۔