عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور مجرموں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے کلکتہ سے تعلق رکھنے والے دو ملزموں کو گرفتار کیا ہے جو دس برسوں سے گرفتاری سے بچ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں عشمقام پولیس اسٹیشن کے ایک ٹیم کی مسلسل کوششوں، معتبر خفیہ معلومات کے حصول اور انتھک محنتوں کا نتیجہ ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدگان میں عارف احمد شیخ ولد سلیمان شیخ ساکن تگڑی نذیر پور، کلکتہ جو پی آر سی کے دفعات 380،454 کے تحت درج ایف آئی آر39/2013 میں مطلوب تھا جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت محمد شمیم شیخ ولد منٹو شیخ ساکن کالا چوک، تگڑی نذیر پورہ، کلکتہ کے طور پر ہوئی ہے جو پی آر سی کے دفعات 380،454 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر47/2013 میں مطلوب تھا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملزمان چوری اور نقب زنی کے الگ الگ مقدمات میں ملوث تھے اور سال 2014 سے گرفتار سے بچنے کے لئے مفرور تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ قابل اعتماد اطلاع ملنے پر اور تکنیکی و انسانی نگرانی کے بعد پولیس ٹیم نے انتہائی محنت سے دونوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا۔
اننت ناگ پولیس کی بڑی کارروائی، 10 برسوں سے فرار دو ملزم گرفتار