جموں// امرناتھ یاتریاں پرہوئے دہشت گردحملے کے خلاف جموں میں حزب اختلاف سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ مذہبی اور سماجی تنظیموں کی طرف سے دی گئی بندکی کال کے دوران مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں نے حکومت کی امرناتھ یاتریوں کیلئے معقول حفاظتی یقینی بنانے میں ناکام رہنے کاالزام لگاتے ہوئے مظاہرے کئے ۔
نیشنل کانفرنس
ریاست کی اہم سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کی طرف سے مظاہرہ کرکے امرناتھ یاتریوں پرہوئے حملہ کی مذمت کی گئی ۔اس دوران مظاہرے کی قیادت پارٹی کے صوبائی صدروایم ایل اے نگروتہ دویندرسنگھ راناکررہے تھے۔اس دوران مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دویندرسنگھ رانا نے کہاکہ مہذب سماج میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اورتمام پارٹیاں کو سیاست سے دوررہ کر دہشت گردوں کے خلاف لڑائی لڑنی چاہیئے۔اس دوران مظاہرین میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران شامل تھے۔
کانگریس
امرناتھ یاتریوں پرحملے کے خلاف پردیش کانگریس کمیٹی نے بھی زورداراحتجاجی مظاہرہ کیا اور اس حملے کیلئے پاکستان کوموردِ الزام ٹھہرایا۔اس دوران کانگریس لیڈران نے پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف کاپتلا بھی جلایا۔اس موقعہ پر کانگریس نے ریاستی سرکار کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت کو اقتدارمیں رہنے کاکوئی حق نہیں رہاہے ۔یوتھ کانگریس کارکنان نے بھی پرنوشگوترہ کی قیاد ت میں مظاہرہ کیا۔
تالاب کھٹیکاں ،اُستادمحلہ ،گوجرنگر
تالاب کھٹیکاں ،اُستادمحلہ اور گوجرنگرمیں بھی مقامی لوگوں نے امرناتھ یاتریوں پرہوئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس دوران مظاہرین نے کہاکہ کوئی بھی مذہب دہشت گردی کادرس نہیں دیتا۔انہوں نے حملے کوانسانی سوزکارروائی قراردیا۔
ٹیم جموں
جموں// ٹیم جموں کے بینرتلے نوجوانوں نے امرناتھ یاتریوں پرملی ٹینٹوں کے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے زور دار مظاہرہ کیا جس کی صدارت ٹیم جموں کے چیئرمین زورآور سنگھ جموال کررہے تھے ۔اس دوران انہوں نے پاکستان کوکراراجواب دینے کی ضرورت پرزوردیااور ریاستی سرکارسے مانگ کی کہ اس سلسلے میں سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔
پنتھرس پارٹی
پنتھرس پارٹی نے بھی امرناتھ یاتریوں پرہوئے حملے کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے حفاظت کی تمام یقین دہانیوں کے باوجود ملی ٹینٹ اس حملے کوانجام دینے میں کامیاب ہوئے جس کیلئے ریاستی حکومت ذمہ دارہے ۔مظاہرین نے کہاکہ ریاستی سرکارکوفوری طورپربرخواست کردیناچاہیئے۔
وکلاء
امرناتھ یاتریوں پر ہوئے حملہ کے خلاف سیاسی اور سماجی پارٹیوں کے ساتھ ساتھ وکلاء نے بھی سڑکوں پرآکراپنے غم وغصے کامظاہرہ کیا۔جموں ہائی کورٹ بار ایسوسی یشن کے جھنڈے تلے وکلاء نے اپنا کام کاج ٹھپ رکھا اور بن تالا ب میں سڑکوں پرٹائرجلائے اورآمدورفت میں خلل ڈالا
بجرنگ دل
اس دوران بجرنگ دل کے کارکنان نے جمو ںمیں سرکار کے خلاف زور دار مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔بجرنگ دل کے لیڈر راکیش شرما نے سرکار پر الزام لگاتے ہوئے کہاکہ حکومت کے کہنے اورکرنے میں واضح تضادہے۔
شیوسینا
شیو سیناہندوستان نے بھی کچی چھاونی میں پاکستان کے خلاف زور دار مظاہرہ کرتے ہوئے امرناتھ یاتریوں پرہوئے حملے کی مذمت کی ۔اس دوران تنظیم کے صدر راجیش کیسری نے کہاکہ پاکستان یاتریوںپر حملہ کرواکرریاست میں حالات خراب کروارہاہے۔
کانگریس
کانگریس کارکنان نے بھی گاڈی گاڑ میںسرکار کے خلاف مظاہرہ کیا ۔اس دوران پردیش کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری پون رینا نے کہاکہ سرکار امر ناتھ یاتریوں کو حفاظت مہیا کرانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔
ادہم پور
یاتریاں پر حملہ کے خلاف ادھم پور میں پنتھرس پارٹی کے کارکناں نے دھار روڑ سڑک پر سرکار کے خلاف مظاہرہ کیا ۔اس دوران پارٹی کے ریاستی صدر بلونت سنگھ منکوٹیہ نے مرکزی اور ریاستی سرکار کو ہر محاذ پر ناکام قراردیتے ہوئے صدرراج لاگو کرنے کی مانگ کی ۔