عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ//قُل فروٹس( QUL Fruits)نے جموں و کشمیر بینک کے ساتھ مل کر بدھ کو پورے جنوبی کشمیر کے کسانوں کیلئے ایک آگاہی مہم کا انعقاد کیا، جس میں ہائی ڈیسٹنی ایپل پلانٹیشن سکیم اور ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن (HDP) کیلئے ادارہ جاتی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی۔یہ پروگرام اننت ناگ علاقے میں تین الگ الگ قُل گاہوں مٹن میں صبح 11:30بجے، بجبہاڑہ میںدوپہر 1:30بجے اور اچھ بل میں بعد دوپہر 3:30بجے منعقد کئے گئے جس میں آس پاس کے علاقوں سے کسانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قُل انچارج ناہیدہ فیاض نے ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن ماڈل کے تحت مالیاتی سکیموں اور دستیاب مواقع کے بارے میں کسانوں کی بیداری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا’’ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن کشمیر کی سیب صنعت کا مستقبل ہے۔ یہ نہ صرف پیداوار اور آمدنی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ ہمارے کسانوں کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کیلئے بھی بااختیار بنارہاہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ QUL Fruitsصرف ایک کمپنی نہیں ہے ،یہ کسانوں کو بااختیار بنانے اور ایک پائیدار باغبانی کے ماحولیاتی نظام کو پروان چڑھانے کا ایک مشن ہے۔