عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ// فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ(ایف ایس ڈی) نے منگل کو اننت ناگ میں غیر قانونی سگریٹوں کی تجارت اور فروخت کے سلسلے میں چھاپہ مارا۔چھاپوں کے دوران، بہت سے ڈیپارٹمنٹل سٹورز سگریٹ فروخت کرتے ہوئے پائے گئے جن کے پیکٹوں پر لازمی تصویری وارننگ نہیں تھی۔یہ کارروائی انکے خلاف کی گئی جو خاص طور پر غیر ملکی برانڈز جو سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات ایکٹ، 2003 کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔32,500 روپے مالیت کے ایسے سگریٹ کا بڑا ذخیرہ ضبط کیا گیا جو سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات ایکٹ، 2003 (COTPA) کے سیکشن 7 کے تتحت خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔ اننت ناگ میں عبداللہ سرز ڈیپارٹمنٹل سٹور اور رومی یوٹیلٹی سٹور سے سگریٹ ضبط کئے گئے۔مزید برآں، فوڈ سیفٹی ٹیم نے دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی تمباکو مصنوعات کی فروخت سے گریز کریں، بغیر کسی تصویری اور قانونی وارننگ کے، جو لوگ سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔